سرسی 16؍جنوری (ایس او نیوز) ’ہمارا دستور ہمارا فخر‘کے موضوع پر اداکار و دانشور پرکاش رائے نے سرسی میں جس اسٹیج سے خطاب کیا تھااس مقام کو اور راگھویندرامٹھ کلیان منٹپ کے احاطے کو بی جے پی کارکنان نے گائے کے پیشاب سے پاک کرنے کی کارروائی انجام دی ہے۔
بی جے پی یوا مورچہ کے وشال مراٹھاکاکہنا تھا کہ ہندو دھرم کے مطابق گائے کو تقدس حاصل ہے ۔ مگر پرکاش رائے جیسے گائے کا تقدس پامال کرنے والے (گؤ بھکشک) کو سماج معاف نہیں کرے گا۔وشال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بائیں بازو کی سوچ (ترقی پسند،لیفٹسٹ) رکھنے والے دانشوروں نے اس مذہبی مقام پر اپنا پروگرام منعقد کرتے ہوئے اس احاطے کو ناپاک کردیا تھا۔اس لئے اس کی شدھی کرنے کی کارروائی انجام د ی گئی ہے۔
گائے کا پیشاب بہا کر احاطے کو پاک کرنے کی اس کارروائی میں بی جے پی کے مقامی لیڈران گنپتی نائک، نندن ساگر،ریکھا ہیگڈے، وینا بھٹ، سریش شیٹی، رویش ہیگڈے، سدرشن وئیدیا وغیرہ نے حصہ لیا۔
یاد رہے کہ سرسی میں منعقدہ سیمینار کا افتتاح کرتے ہوئے اداکار پرکاش رائے نے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڈے کے اس بیان پر تنقید کی تھی کہ وہ دستورہندکو بدلنے والے ہیں۔ اس کے علاوہ رفرقہ وارانہ منافرت پھیلانے والی سیاست کے خلاف بھی پرکاش نے دوٹوک لہجے میں بات کی تھی۔